پاکستان قونصلیٹ برمنگھم کے زیر اہتمام جشن آزادی پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریب

برمنگھم :پاکستان قونصلیٹ برمنگھم کے زیر اہتمام پاکستان کے 80 ویں یوم آزادی کے حوالہ سے پرچم کشائی کی تقریب انعقاد پذیر ہوئی ۔ جس میں مقامی کمیونٹی رہنماوں نے خصوصی شرکت کی ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جبکہ اس موقع پر قونصل جنرل آف پاکستان سفارتخانہ برمنگھم فہد امجد اور وائس قونصل بختاور میر نے صدر محمد آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، ڈپٹی وزیر اعظم و وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈارکے یو م آزادی کے حوالہ سے اہم پیغامات پڑھ کر سنائے ۔ لارڈ میئر آف برمنگھم کونسلر ذاکر چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمارا شہر بین المذاہب اور کثیر الثقافتی ہے اور قانون کی پاسداری ہر شہری کا اولین فریضہ ہے ۔ کشمیر ہمارا ہے اور پاکستان بھی ہمارا ہے ۔ اس موقع پر محب وطن کمیونٹی رہنماوں سردار خان اور نوید باجوہ کو توصیفی اسناد بھی پیش کی گئیں اور پاکستان کے 80 ویں یوم آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا جبکہ تقریب کے اختتام پر پاکستان کے شہداء آزادی کے بلندی درجا ت اور استحکام پاکستان کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔