قائدِاعظم ٹرسٹ یوکے کے وفد کے اعزاز میں راجہ علی اصغر کا استقبالیہ، پاکستان کے مثبت تشخص اور اوورسیز پاکستانیوں کے کردار پر زور

پیرس : فرانس کے دارالحکومت پیرس میں مسلم لیگ (ن) پیرس کے چیئرمین راجہ علی اصغر کی جانب سے قائدِاعظم ٹرسٹ یوکے کے وفد کے اعزاز میں ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں پیرس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز سیاسی، سماجی، کاروباری اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔تقریب میں قائدِاعظم ٹرسٹ یوکے کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق، بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری، چوہدری لیاقت علی، صوفی گل نواز، پرویز اختر رٹوی، رب نواز چغتائی اور راجہ ایاز اختر سمیت وفد کے دیگر اراکین شریک ہوئے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قائدِاعظم ٹرسٹ یوکے کے چیئرمین راجہ محمد اشتیاق نے پاکستان کی موجودہ صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ “معرکۂ حق” پاکستان کی ایک شاندار کامیابی ثابت ہوا، جس نے نہ صرف عالمی سطح پر ملک کے وقار میں اضافہ کیا بلکہ دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کا سر بھی فخر سے بلند کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران پر اسرائیل اور امریکہ کے حملوں کے بعد جنگ بندی کے سلسلے میں پاکستان نے نہایت مؤثر اور متوازن سفارتی کردار ادا کیا، جس کے باعث اسلامی دنیا کے ایک اہم اور ذمہ دار ملک کے طور پر پاکستان کی منفرد شناخت مزید مضبوط ہوئی۔ انہوں نے اس ضمن میں موجودہ سول اور عسکری قیادت کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔تقریب سے چوہدری نعیم، بیرسٹر شہزاد کریم چوہدری اور میزبان راجہ علی اصغر نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے قائدِاعظم ٹرسٹ یوکے کی فلاحی اور کمیونٹی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو باہمی اتحاد، تعاون اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے اپنی کمیونٹی اور وطنِ عزیز کے مثبت تشخص کو مزید اجاگر کرنا چاہیے۔تقریب خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کرتے ہوئے قائدِاعظم ٹرسٹ یوکے کی خدمات کو سراہا اور اوورسیز پاکستانیوں کے درمیان اتحاد و یگانگت کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا۔