سپرٹ آف پاکستان فیسٹیول تارکین وطن کو انکے ورثے، انکی جڑوں سے دوبارہ جوڑنے اور اپنا تعارف دنیا تک فخر سے پہنچانے کا ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر قونصل جنرل آف پاکستان سفارتخانہ برمنگھم فہد امجد نے یہاں برمنگھم لارڈ میئر پارلر میں سپرٹ آف پاکستان کی رواں سال تقریبات بارے مقامی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ میزبانی کے فرائض لارڈ میئر آف برمنگھم کونسلر ظفر اقبال ایم بی ای نے سرانجام دیے جبکہ اس موقع پر چیئر سپرٹ آف پاکستان صائمہ سلیمان کا کہنا تھا کہ سپرٹ آف پاکستان تخلیقی صلاحیتوں ، قومی ورثے اور کمیونٹی اتحاد کا حقیقی امتزاج ہے جو کہ اسکے بانی کونسلر وسیم ظفر ایم بی ای کی میراث ہے جن کی سوچ تھی کہ پاکستانی ثقافت سے ناصرف نوجوان نسل بلکہ برطانیہ میں آباد دیگر کمیونٹیز کو بھی ایک مثبت اور موثر انداز میں متعارف کروایا جا ئے۔ اس موقع پر آرٹسٹ ڈائریکٹر مختار ڈار، چیف ایگزیکٹو آفیسر اینڈ آرٹسٹ ڈائریکٹرآف مڈلینڈز آرٹس سنٹر نے رواں سال تقریبا ت با رے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس فیسٹیول میں قوالی، میوزیکل نائیٹ، فلمی نمائش، معروف برطانوی و پاکستانی مزاح نگاروں کی مزاحیہ پرفارمنس، خطاطی، ٹرک آرٹ، پاکستانی شاعری، فیشن شو،مینگو فوڈ فیسٹیول، کھیلوں کی سرگرمیاں اور دیگر بہت سے پروگرامات کے زریعے نوجوانوں اور کمیونٹی کو جمع کیا جا ئےگا۔ اس موقع پر وائس قونصل پاکستان سفارتخانہ برمنگھم بختاور میر ، محمد بشیر ، ظہیر احمد ، سنیئر صحافی محمد رفیق مغل، ایس ایم عرفان طاہر ،صائمہ ہارون ، سیما یعقوب ، نوشابہ یعقوب راجہ ، نائلہ عظمت، عادل اعظم، سرفراز احمد موسیٰ ، شعیب شاہد راجپوت، اورنگزیب چوہدری، راجہ خاور بشیر ، معین احمد، سلیم شہزاد،اور دیگر بھی موجود تھے۔