ایفام کنونشن کے تحت 3 اکتوبر کو مشاعرہ ہوگا، منظر بھوپالی سمیت ممتاز شعراء شرکت کرینگے، طارق مرزا نظامت کے فرائض انجام دینگے

سڈنی: اسلامک فورم آف آسٹریلیا، کے زیرِ اہتمام دو روزہ سالانہ کنونشن کے سلسلے میں ایک خصوصی مشاعرہ تین اکتوبر کو روزہِل گارڈنز، سڈنی میں منعقد ہوگا۔ ایفام کی جانب سے جاری پروگرام کے مطابق کنونشن تین اور چار اکتوبر کو روزہِل گارڈنز میں ہوگا اور اس میں آسٹریلیا اور بیرونِ ملک سے معروف علما، مقررین اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔ کنونشن کے پہلے روز منعقد ہونے والے اس خصوصی مشاعرے کی سب سے اہم کشش برصغیر کے معروف اور مقبول شاعر منظر بھوپالی کی شرکت ہے، جن کی شاعری اور منفرد اندازِ ترنم نے دنیا بھر میں اردو شعر و ادب کے شائقین میں اپنی ایک خاص پہچان بنائی ہے۔ ان کی شرکت سے سڈنی کی ادبی فضا میں بھی ایک خوب صورت رنگ پیدا ہونے کی توقع ہے۔مشاعرے میں منظر بھوپالی کے علاوہ آسٹریلیا کے معروف شعرا، طارق مرزا، سید الطاف زبیر، ریحان علوی اور وہاب صدیقی بھی اپنا کلام پیش کریں گے۔ اس طرح یہ مشاعرہ اردو زبان و ادب سے وابستہ افراد، بالخصوص سڈنی میں مقیم پاکستانی اور اردو داں برادری کے لیے ایک اہم ادبی موقع ہوگا۔مشاعرے کی نظامت معروف شاعر، کالم نگار، ادیب اور محقق طارق محمود مرزا کریں گے۔ طارق محمود مرزا طویل عرصے سے اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے سرگرم ہیں اور ادبی و ثقافتی تقریبات میں نظامت اور خطابت کے حوالے سے بھی خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔ایفام کنونشن ایک بڑا خاندانی اور کمیونٹی اجتماع ہے، جس میں اسلامی تعلیم و تربیت، خاندانی سرگرمیوں، نوجوانوں اور بچوں کے پروگراموں، مختلف اسٹالز اور بین الاقوامی و مقامی مقررین کی شرکت شامل ہے۔ رواں سال کنونشن میں مولانا طارق جمیل اور شیخ یاسر قاضی سمیت معروف اسلامی شخصیات بھی خطاب کریں گی۔ مشاعرے کا انعقاد تین اکتوبر، شام چار بج کر پینتالیس منٹ سے چھ بج کر پندرہ منٹ تک ہوگا۔ جبکہ اتوار چار اکتوبر شام چھ بجے طارق مرزا کا علامہ اقبال کے فکر و فلسفہ پرخطاب او ر منظر بھوپالی کی شاعری کا پروگرام ہے ۔مشاعرہ ایفام کنونشن کے ادبی و ثقافتی پروگرام کا ایک نمایاں حصہ ہوگا، جس میں اردو شعر و ادب سے محبت رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔