Tue, September 15, 2026 10:21 pm

اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کے زیرِ اہتمام بیونڈال مسجد کی فنڈ ریزنگ کے حوالے سے پروگرام کا اہتمام

اوسلو : اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کے زیرِ اہتمام چھلیر ہال میں بیونڈال مسجد کی تعمیر و تکمیل کے لیے ایک عظیم الشان اور بابرکت فنڈ ریزنگ پروگرام منعقد ہوا، جس میں ناروے بھر سے مقامی کمیونٹی کی خواتین و حضرات نے بھرپور شرکت کی اور اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ مال میں سے اللہ کے گھر کے لیے دل کھول کر عطیات پیش کیے۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز قرآن مجید فرقانِ حمید کی تلاوت سے شروع ہوا جسکی سعادت حافظ ابراہیم بدر صاحب نے حاصل کی، نظرانۂ عقیدت حضورِ اکرم ﷺ کی بارگاہِ اقدس میں عبدالمنان نے پیش کیا، اس پروگرام کی نظامت و سٹیج سیکرٹری کے فرائض ڈاکٹر مولانا حافظ حامد علی فاروق نے نہایت خوبصورتی سے انجام دیے۔ اس موقع پر اسلامک کلچرل سینٹر اوسلو ناروے کے امام و خطیب حافظ مولانا مفتی سلیم اللہ علوی نے حاضرین سے خصوصی خطاب فرمایا اور اللہ کے گھر کی تعمیر و آبادکاری میں حصہ لینے کی فضیلت اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔پاکستان سے تشریف لانے والے معزز مہمانانِ خصوصی جنید سلیم اور پاکستان کے معروف و لیجنڈ فنکار افتخار احمد ٹھاکر نے بھی پروگرام میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار فرمایا۔
اس موقع پر اسلامک کلچرل سینٹر کے امیر سید رضوان شاہ اور معروف مذہبی و سماجی شخصیت انعام الحق سیٹھی سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی خطاب کیا اور اس نیک مقصد کے لیے کمیونٹی کو بھرپور تعاون کی ترغیب دی۔ کمیونٹی کے احباب نے بے مثال جذبۂ ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تقریباً 4.2 ملین کرون کے قریب اپنے عطیات جمع کروائے۔اس پروگرام کی وساطت سے تمام مہمانوں کو ویلکم کرنے کے لیے ایک علیحدہ سے کمیٹی تشکیل دی گئی جسکی صدارت اوسلو شہر کی ہر دلعزیز معروف سماجی مذہبی شخصیت چوہدری رفاقت علی اور انکی پوری ٹیم چوہدری ناہید اسلم، چوہدری حاجى محمد افضال، چوہدری محمد اسلم چنڈالا، چوہدری حاجى ناصر، ان تمام احباب نے مل کر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کیں جبکہ ہال کے اندر انتظامی امور اور ذمہ داریوں میں چوہدری اخلاق احمد اور چوہدری ساجد الہی نے بھرپور خدمات انجام دیں۔اس کے علاوہ تمام رضاکار ساتھیوں نے اپنی خوشی اور خلوص کے ساتھ والنٹیئر خدمات سرانجام دیں۔میڈیا کوریج کے فرائض بھی بھرپور انداز میں انجام دیے گئے، جس میں نور پاک میڈیا ناروے اوسلو کے عامر لطیف بٹ، ناروے جیو نیوز کے نمائندہ ناصر اکبر، سید اعجاز فاروق کاظمی، اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کی اپنی ٹیم اور انعام الحق سیٹھی نے اپنی خدمات پیش کیں جبکہ پرنٹ میڈیا الیکٹرانک میڈیا اور فیس بک لائیو کے ذریعے بھی پروگرام کو کوریج فراہم کی گئی۔ اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کی پوری انتظامیہ منتظمین رضاکاران مہمانانِ گرامی اور بالخصوص تمام عطیہ دینے والے احباب کو اس کامیاب اور بابرکت پروگرام پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیںاس بابرکت پروگرام کے اختتام پر سید رضوان شاہ نے تمام مہمانوں کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا، امام و خطیب اسلامک کلچرل سنٹر آلنہ اوسلو ناروے چوہدری مولانا مفتی محمد عمران اسجد نے اجتماعی دعا فرمائی۔ اسلامک کلچرل سینٹر ناروے کے ليے شروع سے لے کر ابتک جنہوں نے اپنی خدمات بالخصوص انجام دیں اور جو بیمار ہیں، باقی تمام مرحومین کے ليے اور جنہوں نے اپنا صدقہ خیرات دیا ہے اللہ تعالی مولانا کو سدا سلامت و خوش رکھے انکی دعاؤں کو قبول فرمائے آمین۔