دل کی شریانوں کی انجیوگرافی کے دوران موسیقی سننے سے مریضوں کا ذہنی دباؤ، بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔طبی جرنل ہارٹ میں آن لائن شائع ہونے والی ایک تقابلی تحقیق کے مطابق انجیوگرافی سے پہلے اور دوران موسیقی سننے والے مریضوں میں سسٹولک بلڈ پریشر، یعنی بلڈ پریشر کی پیمائش میں اوپر والا عدد، نسبتاً کم ریکارڈ کیا گیا۔تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ موسیقی سننے سے دل کی دھڑکن اور ٹروپونن نامی پروٹین کی سطح میں کمی دیکھی گئی جو دل کے پٹھوں کو پہنچنے والے نقصان کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ مریضوں نے درد کی شدت بھی کم محسوس کی۔محققین کے مطابق انجیوگرافی کے دوران موسیقی کو بطور علاج استعمال کرنے سے یہ عمل مریضوں کے لیے کم تکلیف دہ اور کم ذہنی دباؤ کا باعث بن سکتا ہے اس لیے اسے طبی طریقہ کار کا حصہ بنانے پر غور کیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ میوزک تھراپی پہلے ہی کینسر، ریڈیوتھراپی اور نفسیاتی امراض کے علاج سمیت طب کے مختلف شعبوں میں استعمال ہو رہی ہے لیکن دل کے امراض میں اس کے ممکنہ فوائد پر ابھی مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔انجیوگرافی دل کی شریانوں کی حالت جانچنے کا ایک اہم طبی طریقہ ہے، جس میں ایک باریک اور لچک دار نلکی (کیتھیٹر) خون کی نالیوں کے ذریعے دل کی شریانوں تک پہنچائی جاتی ہے۔ اس کے بعد کنٹراسٹ ڈائی داخل کرکے ایکس رے کی مدد سے خون کے بہاؤ اور شریانوں کی صورتحال کا جائزہ لیا جاتا ہے۔ماہرین کے مطابق یہ عمل بعض مریضوں میں شدید ذہنی اور جسمانی دباؤ پیدا کرسکتا ہے، جس سے ان کی طبی کیفیت بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔