راولپنڈی:سکستھ روڈ پر اسلام آباد سے آنے والی میٹرو بس میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور آگ بجھانے کا عمل شروع کردیا، جہاں مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔بس میں آگ بھڑکنے کے باعث میٹرو بس ٹریک پر گاڑیوں کی آمدورفت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق آگ بجھانے اور ٹریک کو کلیئر کرنے کے بعد سروس بحال کی جائے گی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے تمام مسافروں کو بحفاظت بس سے نکال لیا ۔ امدادی اداروں کی 4 ایمرجنسی گاڑیوں سمیت 12 سے زائد ریسکیو اہلکاروں موقع پر موجود اور کارروائی میں مصروف ہیں۔ریسکیو اہل کاروں نے بتایا کہ آگ سے میٹرو بس مکمل طور پر جل گئی ہے۔ ابتدائی طور پر پتا چلا ہے کہ بس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔دریں اثنا امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے پہلے مسافروں نے گاڑی کے شیشے توڑ کر اپنی جان بچائی۔دریں اثنا انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس تاحال بند ہے اور تمام اسٹیشنز پر ٹکٹنگ کاونٹر بند کردیے گئے ہیں۔ دوسری جانب مسافروں کی بڑی تعداد بس سروس بحالی کا انتظار کررہی ہے۔بعد ازاں امدادی کارروائیوں کے باعث میٹرو بس میں لگی آگ پر مکمل قابو پالیا گیا، تاہم بس مکمل طور پر جل گئی، جسے ٹریک سے ہٹانے کے لیے کرین طلب کرلی گئی ہے۔ متاثرہ بس کو ڈپو پر منتقل کیا جائے گا۔ انتظامیہ نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔