فرینکفرٹ: جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ایک عظیم الشان بین المذاہب امن مکالمے کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں اسلامی اسکالرز، مسیحی پادری، ہندو اور بدھ مت کے مذہبی رہنما خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔اس مکالمے میں مختلف مذاہب کے رہنما اپنی اپنی مقدس مذہبی کتب اور تعلیمات کی روشنی میں امن، محبت، رواداری، باہمی احترام اور پُرامن بقائے باہمی کا پیغام پیش کریں گے۔
اس اجتماع کا مقصد محض مختلف مذاہب کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا نہیں، بلکہ دلوں کے درمیان فاصلے مٹانا، نفرتوں کی دیواریں گرانا اور محبت و انسانیت کے ایسے پل تعمیر کرنا ہے جو آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ، خوشحال اور پُرامن مستقبل فراہم کر سکیں۔
ہم چاہتے ہیں کہ ہماری نئی نسل کو ورثے میں نفرت نہیں بلکہ محبت، تعصب نہیں بلکہ احترام، تصادم نہیں بلکہ مکالمہ اور خوف نہیں بلکہ امن و آشتی کی ایک خوبصورت دنیا ملے۔
آئیے! ہم سب مل کر ایک ایسے معاشرے کی بنیاد رکھیں جہاں مذہبی اختلافات نفرت کا سبب نہیں بلکہ ایک دوسرے کو سمجھنے کا ذریعہ بنیں، جہاں ہر انسان کی عزت، وقار اور مذہبی آزادی کا احترام ہو۔
کیونکہ امن صرف جنگ کی عدم موجودگی کا نام نہیں، بلکہ دلوں میں محبت، رویوں میں احترام اور انسانیت کے لیے احساس کا نام ہے مفتی ممتاز حسین پیرزادہ نے تمام لوگوں سے اپیل کرتے ھوئے کہا کہ آئیے، امن کے اس خوبصورت سفر کا حصہ بنیں اور آنے والی نسلوں کے لیے محبت، بھائی چارے اور انسانیت کی ایک روشن مثال قائم کریں۔